جمعرات 12 نومبر 2026 - 06:09
مولانا آزاد کی تعلیمات آج بھی ہندوستانی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں: گورنر بہار

حوزہ/ گورنر بہار لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین نے کہا ہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور تعلیمات آج بھی ہندوستانی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ہندوستانی مسلمان مولانا آزاد کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گورنر بہار نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) میں یومِ آزاد کی تقریبات کے تحت منعقدہ مرکزی پروگرام میں یادگاری خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج میں مسلمانوں کی خدمات نمایاں رہی ہیں، لیکن بہت کم لوگ ان کی قربانیوں سے واقف ہیں۔ انہوں نے حولدار عبدالحمید اور لیفٹیننٹ حنیف الدین کی بہادری اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے دی گئی قربانیوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے ہندوستانی فوج کو ملک کا سب سے بڑا سیکولر ادارہ قرار دیتے ہوئے سری لنکا میں اپنی فوجی خدمات کا واقعہ بیان کیا۔ ان کے مطابق، ایک کمانڈر کے لیے اپنے سپاہیوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ایک غیر مسلم کمانڈر کی مثال بھی دی جو اپنے تمام مسلم سپاہیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے نماز ادا کرتا اور روزے رکھتا تھا۔

گورنر بہار نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر قائدانہ صلاحیتیں پیدا کریں، ایک دوسرے کا تعاون کریں اور موجودہ دور کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تاریخ کا ازسرِنو مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ صرف سائنس، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت تک محدود نہ رہیں بلکہ سماجی علوم پر بھی توجہ دیں، کیونکہ یہ علوم انہیں زندگی کے مختلف مسائل اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔

مولانا آزاد کی تعلیمات آج بھی ہندوستانی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں: گورنر بہار

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ 28 برسوں میں اردو کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طبقے اور خواتین کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر بہار کی سرپرستی میں یونیورسٹی بہار کے سیمانچل علاقے میں بھی اپنے تعلیمی نیٹ ورک کو وسعت دے گی۔

تقریب کے مہمانِ اعزازی چانکیہ نیشنل لاء یونیورسٹی، پٹنہ کے وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفی نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد قومی یکجہتی اور بین المذاہب بھائی چارے کے بڑے علمبردار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد اور مسلمانوں کی قیادت نے دو قومی نظریے کو مسترد کیا تھا، کیونکہ ان کے نزدیک ہندو اور مسلمان ایک قوم تھے اور ملک کی تقسیم ایک تاریخی غلطی تھی۔

تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے اظہارِ تشکر کیا۔ پروگرام میں یومِ آزاد کی تقریبات پر مبنی ویڈیو رپورٹ اور مولانا آزاد کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی نے انجام دی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha